منگل. اکتوبر 22nd, 2019

چین امریکا تجارتی جنگ: پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی

کراچی: (ویب ڈیسک) چین کی جانب سے امریکی روئی کی درآمد مکمل طور پر معطل کرنے کے فیصلے کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جا رہا ہے۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ عید سے قبل روئی کی ترسیل نہ ہونے کے باوجود ٹیکسٹائل ملز نے معیاری روئی کی بڑے پیمانے پر خریداری کی جس کے باعث روئی کی قیمتوں میں 200 روپے فی من کا اضافہ دیکھا گیا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران روئی کی قیمتوں میں مزید اضافہ سامنے آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چین امریکی روئی کا دنیا بھر میں سب سے بڑا خریدار تھا جو امریکہ سے سالانہ 35 سے 40 لاکھ بیلز (480پاؤنڈ) روئی کی بیلز خریدتا تھا لیکن امریکہ کی جانب سے چینی اشیاءپر مزید دس فیصدڈیوٹی کے نفاذ کے بعد چین نے روئی سمیت تمام امرکی زرعی اجناس اور مصنوعات کی امریکہ سے براہ راست یا براستہ درآمد پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا تھا اور توقع ظاہر کی جا رہی ہے کہ چین اب اپنی ضروریات پورا کرنے کے لئے روان سال پاکستان سے بڑے پیمانے پر روئی کی خریداری کرے گاجس سے پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں مسلسل تیزی کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔

احسان الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیشتر کاٹن زونز میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث چند شہروں میں کپاس کی فصل متاثر ہوئی ہے جس کے باعث بھی معیاری روئی کی فراہمی متاثر ہونے سے اس کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Chat with us on WhatsApp