منگل. اکتوبر 22nd, 2019

ٹیوٹا کے چھ سو پاس آﺅٹس کو ڈرائیونگ لائسنس دینے کی تقریب

لاہور (آن لائن) ٹیوٹا سے ڈرائیونگ کی تربیت پانے والے چھ سو طلباءاور طالبات میں ڈرائیونگ لائسنس دینے کی تقریب الحمرا ہال میں منعقد ہوئی ۔جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر انڈسٹریز اور سکل ڈیویلپمنٹ میاں اسلم اقبال تھے ۔تقریب میں چیئرپرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق ،سی ٹی او ملک لیاقت ،اوبر کے جی ایم سعدپال اور سی او اوٹیوٹا اختر عباس بھروانہ بھی موجود تھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ ہنر مند اور تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آسان شرائط پر تیس لاکھ تک کا قرضہ دیا جائے گا ۔پنجاب میںچار یونیورسٹیز آف ٹیکنالوجی بنائی جارہی ہیں تاکہ فنی تربیت میں اعلی تعلیم کے مواقع دستیاب ہو سکیں ۔انہوں نے کہا ٹیوٹا درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ۔ فیصل آباد اکنامک زون میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جارہی ہے اس سے ہمارے نوجوانوں کے لئے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کو جب اقتدار ملا تو ملک کے مالی معاملات خراب تھے پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے قریب تھا ، وزیراعظم عمران خان کے زبردست معاشی اقدامات کے باعث ملک کی معیشت بحران سے باہر آئی ایک سال کے اندر ساڑھے دس ارب ڈالر کا قرضہ واپس کیا ہے،سابق حکمرانوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے لئے گئے قرضوں کو ہمیں اتارنا پڑ رہا ہے ، چھ چھ کیمپ آفسز اور ستر کروڑ روپے کی لاگت سے اپنے گھر کے اردگرد بم پروف دیواریں بنانے والوں نے قومی وسائل کا ناجائز استعمال کیا- پی ٹی آئی حکومت میرٹ اور شفافیت پر یقین رکھتی ہے اور ہم نے اپنے بھانجے بھتیجوں اور دامادوں کو ایسی لت نہیں ڈالی -انہوں نے کہا کہ سابق کرپٹ حکمران ہمیں نااہل کہتے ہیں واقعی ہم نااہل ہیں کیونکہ ہمیں منی لانڈرنگ نہیں آتی، ہمیں اومنی گروپ بنانے نہیں آتے، شوگرملیں لگانا نہیں آتیں اور قومی وسائل ذاتی مقاصد کے لئے استعمال کرنا نہیںآتے – وہ بادشاہ تھے اور انہیں کرپشن کے طور طریقے آتے تھے ہم عوام کو جوابدہ ہیں- انہوں نے کہا کہ مولانا کی پریشانی یہی ہے کہ وہ سرکاری گھر ، سرکاری گاڑی اور اقتدار سے محروم ہوچکے ہیں-ناموس رسالت کے نام پر چندہ اکٹھا کرنے والے مولانا جان لیں کہ اب ان کی نہیں بلکہ قومی معیشت بہترہوگی- ماضی میں لاکھوں ڈالر خرچ کرکے تفریحی دور ے ہوتے تھے لیکن ان حکمرانوں نے کشمیر کے مسئلے کو سنجیدگی سے نہیں لیا-وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران کشمیر کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اجاگر کیا ۔چیئر پرسن ٹیوٹا علی سلمان صدیق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کچھ عرصہ قبل ٹیوٹا کا چارج سنبھالا اور اس کو نئے وژن کی طرف گامزن کیا ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ایک کروڑ فراہمی روزگار کے مشن کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں ۔ اب ٹیوٹا صرف فنی تربیت نہیں بلکہ اپنے پاس آوٹس کے لئے روزگار کا بندوبست بھی کر رہا ہے ۔ملک اور بین الاقوامی سطح پر اپنے طلبہ کو روزگار کے مواقع فراہم کریں گے ۔اس موقع پر دو ایم او یوز پر دستخط کئے گئے پہلا ایم او یو ٹیوٹا اور سٹی ٹریفک پولیس کے درمیان تھا ۔جبکہ دوسرا ایم او یو ٹیوٹا اور اوبر کے مابین تھا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Chat with us on WhatsApp