جمعرات. جنوری 23rd, 2020

ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کیلئے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کا قرض منظور کردیا

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے پاکستان کے لیے مجموعی طور پر ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے ہنگامی قرض کی منظوری دے دی۔اے ڈی بی کے جاری ایک اعلامیے کے مطابق پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر کے ہنگامی قرض کی منظوری کا مقصد ملک کی معیشت کو فوری طور پر مدد فراہم کرنا اور زوال پذیر معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ قرض ملٹی ڈونر معاشی اصلاحات پروگرام کا حصہ ہے جو بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے زیر اہتمام ہے تاکہ معیشت کو استحکام ملے جو 2018 کے وسط میں بری طرح متاثر ہوئی تھی۔واضح رہے کہ آئی ایم ایف کے تعاون سے کئی اصلاحات اور اقدامات کے نفاذ کے بعد مذکورہ قرض کی منظوری دی گئی۔مذکورہ اعلامیے میں کہا گیا کہ قرض کا مقصد ملک کے ‘کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور محصولات کو مضبوط بنانا اور معاشی بحران سے غریبوں کو محفوط کرنا ہے’۔قرض پر تبصرہ کرتے ہوئے اے ڈی بی وسطی اور مغربی ایشیا کے ڈائریکٹر جنرل ورنر لیپچ نے موقف اختیار کیا کہ بینک پاکستان کو مدد فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے تاکہ وہ اپنی معیشت کو مستحکم کرسکے۔انہوں نے کہا ‘یہ فنڈز اہم منفی معاشرتی اور معاشی اثرات کو روکنے اور متوازن نمو کی واپسی کے لیے حکومت کی ضرورت کو پورا کرے گا’۔دوسری جانب ایک اور اعلامیے میں اے ڈی بی نے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں پالیسی کے بنیادی ڈھانچے میں مالی استحکام، نظم و نسق اور رکاوٹوں سے نمٹنے میں حکومت کی مالی اعانت کے لیے 30 کروڑ ڈالر پر مبنی قرض کی منظوری دی۔ساتھ ہی مزید کہا گیا کہ’یہ فنانسنگ شعبہ توانائی کی اصلاحات اور مالیاتی استحکام پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالر پر مشتمل 3 ضمنی پروگراموں کی مدد کرے گا’۔واضح رہے کہ مذکورہ پروگرام آئی ایم ایف کی سربراہی میں ایک جامع ملٹی ڈونر معاشی اصلاحات پروگرام کا ایک اہم جزو ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Chat with us on WhatsApp