جمعرات. جنوری 23rd, 2020

بانی پاکستان کا 144واں یوم پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

لاھور (نیوز ڈیسک) پاکستان میں آج بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کا 144 واں یومِ پیدائش عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔بانی پاکستان کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرائے گئے ہیں اور تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ ملک بھر میں آج عام تعطیل بھی ہے۔اس سلسلے میں کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے پاک فضائیہ کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے موقع پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کمانڈنٹ میجر جنرل محمد علی مہمان خصوصی تھے، انہوں نے گارڈز کی تبدیلی کے بعد مہمانوں کی کتابوں میں اپنے خیالات بھی قلم بند کیے۔مزار قائد پر پاکستان آرمی، نیوی اور فضائیہ کے دستے 4, چار مہینے کے لیے گارڈز کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں، 23 مارچ کو نیول اکیڈمی کے کیڈیس پاکستان آرمی سے گارڈز کے فرائض سنبھالتے ہیں، 14 اگست کو پاکستان ایئر فورس اکیڈمی کے کیڈیس پاکستان نیوی سے یہ ذمہ داری لیتے ہیں جبکہ 25 دسمبر کو پاکستان ملٹری اکیڈمی کے کیڈیس پاکستان ایئر فورس سے گارڈز کی ذمہ داری سنبھالتے ہیں۔قائداعظم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ عمران اسمٰعیل اور صوبے کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے مزار قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی، اس موقع پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی لکھے۔آج کے اس دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پیغامات بھی جاری کیے۔صدر اور وزیراعظم نے اپنے پیغامات میں کہا کہ بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال نے ایک مرتبہ پھر عظیم قائد کے اس عزم کی توثیق کی ہے کہ انتہا پسند ہندو، مسلم اقلیت کو عزت اور وقار کے ساتھ جینے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Chat with us on WhatsApp